کاروار 4/نومبر (ایس او نیوز)اُتر کنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے کراولی اتسوا سمیتی سے کہا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بحسن و خوبی انجام دینے کی سمت میں سرگرم ہوجائے۔ خیال رہے کہ دسمبر 10تا 12تاریخ کو کاروار میں کراولی اتسوا منایا جائے گا۔
جائزاتی نشست میں ڈی سی نے کہاکہ ہر سال کی طرح امسال بھی کراولی اتسوا کو جوش و خروش سے منایا جائے گا اور صرف رنگارنگ ثقافتی پروگرام ہی نہیں بلکہ دیگر بہت سارے بامقصد پروگرام بھی اس میں شامل رہیں گے۔انہوں نے کمیٹی سے کہا کہ پھلوں اور پھولوں کی نمائش کو اعلیٰ پیمانے پر منعقد کیا جانا چاہیے۔اور خاص کر پھولوں کی نمائش میں صرف چند عام پھولوں کے بجائے کچھ خاص اور دلکش پھولوں کو بھی شامل کرنا چاہیے۔اس کے لئے ابھی سے تیاری کی جائے اور ضلع میں موجود پرائیویٹ نرسری والوں کے تعاون سے نمائش اور سیل کا اہتمام کیا جائے۔
کراولی اتسوا کے دوران دوڑmarathonکا بھی اہتمام ہوگا جس میں کلچرل پروگرام میں شرکت کے لئے مدعو مشہور شخصیات بھی حصہ لیں گی۔اس کے علاوہ کھیل، باڈی بلڈنگ، کشتی اور دوسری سرگرمیوں کے مقابلے ہونگے۔ کوکنگ مقابلے کے بارے میں ڈی سی نے کہا کہ اسے صرف خواتین کے لئے مخصوص نہ کرتے ہوئے کسی کو بھی اس میں حصہ لینے کی اجازت ہونی چاہیے۔اس کے علاوہ اس موقع پر ایک یاد گار مجلہ(سونیئر) بھی شائع کیا جانا چاہیے جس میں ضلع کی ترقی اور یہاں کے سیاحت کے قابل قدرتی مناظر کی تصاویر اور مضامین ہونے چاہئیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کراولی اتسوا کے موقع پر پینٹنگ، آرٹس اور سنگ تراشی کے ورک شاپ بھی ہونگے اور ضلع میں پہلی مرتبہ ریت پر کلاکاری (sand art)کے نمونوں کی بھی نمائش ہوگی۔کلچرل پروگرام میں نیشنل اور اسٹیٹ لیول کے فنکاروں کے ساتھ مقامی فنکاروں کو بھی موقع فراہم کیا جائے گا۔ایکزی بیشن، امیوزمنٹ پارک،فوڈ اسٹالس اور ساحل پر پیارا سائیکلنگ وغیرہ کے ذریعے کراولی اتسوا کو یادگار بنانے کے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔
اس میٹنگ میں پروبیشنری آئی اے ایس افیسر فوزیہ ترنم،ضلع پنچایت سی ای او چندرا شیکھر نائک،ایڈیشنل ضلع ڈی سی ایچ پرسنا،ہبلی انکولہ ریلوے کے خصوصی ڈی سی سداشیو پربھو، کاروار اسسٹنٹ کمشنر سدانند کرالے کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ افسران حاضر تھے۔